پاکستان

بھارت کا مضحکہ خیز دعویٰ، دونوں ممالک اپنے طیاروں کے ذخیرے کی تصدیق کرالیں، وزیر دفاع

جھوٹ سے جنگوں میں فتح نہیں ملتی، فتح قومی عزم، اخلاقی بالادستی اور پیشہ وارانہ صلاحیت سے حاصل ہوتی ہے، پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی ائیر چیف کے پاکستانی طیارے گرانے کے مضحکہ خیز بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ بھارت نے یہ فرضی دعوی کرنے کے لیے 3 ماہ کاعرصہ لگایا، وہ اپنے دعوے میں سچے ہیں تو اپنے طیاروں کے ذخیرے کو آزادانہ تصدیق کے لیے پیش کریں۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں کامیابی کے فوری بعد عالمی میڈیا کو تفصیلی ٹیکنیکل بریفنگ دی۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو بتایا کہ پاکستان نے رافیل سمیت 6 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جبکہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارت کا ایس-400 فضائی دفاعی نظام اور ڈرونز تباہ ہوئے۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی کے دوران متعدد بھارتی ایئر بیسز کو ناکارہ بنایا گیا جبکہ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کو شدید جانی اور مالی نقصان بھی اٹھانا پڑا۔

یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے جنگ کے 3 ماہ بعد مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ بھارت نے جھڑپوں کے دوران 5 پاکستانی لڑاکا طیارے اور ایک فوجی طیارہ مار گرایا تھا، یہ بیان بھارت کی طرف سے ہمسایہ ملک کے ساتھ کئی دہائیوں میں بدترین فوجی تنازع کے بعد پہلا ایسا دعویٰ ہے۔

خواجہ آصف نے بھارتی ایئر چیف کے اس مضحکہ خیز دعوے کو نہایت غیر معقول اور نامناسب قرار دیا۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان کی جنگی کامیابیوں کو عالمی رہنماؤں، خود بھارتی سیاست دانوں اور عالمی انٹیلی جنس رپورٹس میں تسلیم کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی ایئر چیف اگر اپنے دعوے میں سچے ہیں تو اپنے طیاروں کی انوینٹریز کو آزادانہ تصدیق کے لیے پیش کریں۔

وزیر دفاع نے بھارت پر واضح کردیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔

واضح رہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے جنوبی شہر بنگلورو میں ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ زیادہ تر پاکستانی طیارے بھارت کے روسی ساختہ ایس-400 زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظام سے مار گرائے گئے، انہوں نے دعوے کی تصدیق کے لیے الیکٹرانک ٹریکنگ ڈیٹا کا حوالہ دیا۔

پاکستان ٹرمپ کا پسندیدہ ملک بن گیا، بھارت شدید دباؤ میں ہے، امریکی جریدہ

پاکستان نے بھارت کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کو کیسے مار گرایا؟ برطانوی ایجنسی کی رپورٹ جاری

پاکستان کا بھارت کو منہ توڑ جواب، 5 طیارے اور بریگیڈ ہیڈ کوارٹر تباہ، دشمن نے شکست تسلیم کرلی