بارشیں اور سیلابی صورتحال، سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیاحوں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایڈوائزری جاری کی کہ متاثرہ علاقوں میں عوامی تحفظ کے لیے سیاحتی پابندیاں نافذ کی جائیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو سیاحتی سرگرمیوں پر فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ خطرناک علاقوں میں عوامی آمدورفت محدود کی جائے، ضرورت پڑنے پر دفعہ 144 کے تحت سیاحتی پابندیاں نافذ کی جا سکتی ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق عوام سے گزارش ہے کہ متاثرہ علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کریں، سیاحتی علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے ادارے پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ خیبرپختونخوامیں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلابی صورتحال سے 48 گھنٹے میں ہونے والی اموات کی تعداد 340 تک جاپہنچی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کشمیر میں سیلاب نے کم از کم 21 جانیں لے لی ہیں اور بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔