کراچی: بن قاسم ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی جاں بحق
کراچی کے بن قاسم ٹاؤن میں مبینہ ٹارگٹڈ حملے میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس افسر کو قتل کردیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
بن قاسم پولیس کے ایس ایچ او فیصل رفیق نے ڈان نیوز کو بتایا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی ) محمد خان ابڑو ایک کار میں سفر کر رہے تھے، جیسے ہی وہ اپنے گھر کے باہر گاڑی سے اترے، موٹر سائیکل پر سوار مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔
اے ایس آئی محمد خان ابڑو کو کئی گولیاں لگیں اور وہ شدید زخمی ہوگئے، انہیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ایس ایچ او فیصل رفیق نے بتایا کہ یہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تحقیقات کے دوران یہ تعین کیا جائے گا کہ آیا یہ واقعہ دہشت گردی کے باعث پیش آیا یا کسی ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
مقتول اس سے قبل گھگھر پھاٹک پولیس پوسٹ کے انچارج رہ چکے تھے اور اس وقت وہ اسٹیل ٹاؤن پولیس میں تعینات تھے۔
دریں اثنا، ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اے ایس آئی محمد خان ابڑو کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت بھی جاری کی۔
ادھر، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق بن قاسم میں اے ایس آئی محمد خان ابڑو پرفائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے اے ایس آئی پر فائرنگ کی، حملہ آووروں نے ہیلمٹ اور ماسک لگایا ہوا تھا۔
حکام کے مطابق ملزمان نے فائرنگ سے قبل علاقےکی ریکی بھی کی۔