کاروبار

نئے مالی سال کے پہلے مہینے کرنٹ اکاؤنٹ 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز خسارے میں چلا گیا

مالی سال 25-2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 2 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا۔

پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ کے لحاظ سے نئے مالی سال کا آغاز خسارے کے ساتھ ہوگیا، جولائی 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز خسارے میں رہا جو جون 2025 میں 33 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سرپلس تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنٹ اکاؤنٹ بیلنس کی تفصیلات جاری کردیں۔ مرکزی بینک کے مطابق جولائی میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 25 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا جو جولائی 2024 میں 34 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈیٹا کے مطابق جون 2025 میں کرنٹ اکاؤنٹ 33 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سرپلس تھا۔

واضح رہے کہ مالی سال 25-2024 میں پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ 2 ارب 10 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سرپلس ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ اس سے گزشتہ مالی سال 24-2023 میں کرنٹ اکاؤنٹ 2 ارب 7 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز خسارے میں تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مالی سال 25-2024 میں کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس 2.1 ارب ڈالر تک پہنچے پر اظہار تشکر کیا تھا۔

شہباز شریف کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس بلند ترین سطح پر پہنچنا خوش آئند ہے، حکومتی اقدامات سے زرمبادلہ ذخائر 19 ارب ڈالر سے تجاوز کرگئے۔

انہوں نے کہا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں استحکام کی بنیادی وجہ ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہے، معاشی اشاریے ثابت کر رہے ہیں کہ معیشت استحکام کی راہ پر گامزن ہیں۔