ایشیا کپ میں پاک-بھارت میچ کیخلاف شیوسینا سرگرم، میچ کی مخالفت کردی
ہندو انتہا پسند پاکستان سے دشمنی میں آپے سے باہر ہوگئے، شیوسینا نے ایشیا کپ میں پاک-بھارت میچ کی مخالفت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے لیے گرین سگنل ملنے کے بعد مودی حکومت پر دباؤ بڑھنے لگا۔
خیال رہے کہ بھارتی وزارتِ کھیل نے کہا تھا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان اب کسی نیوٹرل مقام پر بھی دو طرفہ کھیلوں کے مقابلے نہیں کھیلے جائیں گے، تاہم ایشیا کپ میں شرکت سے نہیں روکا جائے گا۔
شیو سینا کے اہم رہنماؤں اور ارکین پارلیمان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراطلاعات کو خط لکھ دیا۔
شیوسینا کے رہنماؤں ودیگر نے نریندر مودی کو لکھے گئے خط میں پاکستان سے کسی بھی قسم کے رابطے کو غداری قرار دے دیا۔
خط میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے کرکٹ کھیلنا غیر انسانی ہے، ان حالات میں پاکستان کے ساتھ کوئی بھی روابط غداری ہوگی۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ کا آغاز 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں ہوگا جب کہ ٹورنامنٹ میں پاک-بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا 14 ستمبر کو دبئی میں ہوگا۔