پاکستان

اسلام آباد اور پشاور میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.3 ریکارڈ

زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، جس کی شدت 5 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی، زلزلہ کوہ پیما

پشاور اور اسلام آباد میں 5.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

ڈان نیوز کے مطابق زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلہ شام 6 بجکر 27 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، جس کی شدت 5 اعشاریہ 3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہری 110 کلومیٹر تھی۔

دریں اثنا، امریکا کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کی رپورٹ کے مطابق اشکاشم سے 35 کلومیٹر جنوب میں پاکستان کی سرحد کے قریب شمال مشرقی افغانستان میں زلزلہ محسوس کیا گیا۔

یو ایس جی ایس کے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ زلزلہ شام 6 بجکر 27 منٹ پر آیا تھا، اس کی شدت 5.1 تھی اور اس کی گہرائی 128 کلومیٹر تھی۔

ادھر، ترجمان ریسکیو بونیر نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ بونیر، سوات اور گرد نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، ریسکیو 1122 کا عملہ ہائی الرٹ کردیا گیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک کوئی ایمرجنسی کال ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو موصول نہیں ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 کے تمام چاک و چوبند دستے 24 گھنٹے عوام کی خدمت کے لیے کسی بھی سانحہ یا ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے الرٹ اور تیار ہیں۔