پاکستان

خواتین کی مالی شمولیت کیلئے اسٹیٹ بینک اور یو این ویمن پاکستان میں ایم او یو پر دستخط

صنفی برابری کو بہتر بنانے کیلئے خواتین کی شمولیت میں رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور پسماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل مالی خدمات کو وسعت دینے پر تعاون کیا جائے گا۔
|

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور یو این ویمن پاکستان نے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مالی شمولیت، مالی خواندگی اور فنانس تک رسائی کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق یہ تعاون صنفی برابری کو بہتر بنانے کے لیے خواتین کی شمولیت میں رکاوٹوں کی نشاندہی کرنے اور پسماندہ علاقوں میں ڈیجیٹل مالی خدمات کو وسعت دینے پر مرکوز ہے۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب کراچی میں ہوئی، جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان بی ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر معراج محمود اور یو این ویمن پاکستان کے نمائندہ جمشید کاظی موجود تھے۔

یہ شراکت داری دونوں اداروں کے مشترکہ عزم کی تجدید ہے کہ خواتین کی معاشی شمولیت کے لیے، خصوصاً مالی وسائل اور علم تک بہتر رسائی کے ذریعے ایک معاون ماحول تشکیل دیا جائے۔

دونوں ادارے مشترکہ سیمینارز، آگاہی مہمات اور تحقیقی اقدامات کریں گے۔

یہ معاہدہ اگرچہ قانونی طور پر پابند نہیں ہے، لیکن یہ ادارہ جاتی وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے دیرپا اثرات کے لیے ایک فریم ورک فراہم کرتا ہے۔