’برسات کی وجہ سے بارشیں ہوئیں‘ مریم نواز کے جملے پر دلچسپ تبصرے
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے سیلابی صورت حال پر میڈیا سے بات کرنے کے دوران ’بارش کی وجہ سے موسلادھار بارشیں ہوئیں‘ کا جملہ بولنے پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کا سیلاب آگیا۔
پنجاب کو بڑے سیلاب کا سامنا ہے اور اب تک متعدد اضلاع کے درجنوں دیہات مکمل طور پر زیر آ چکے ہیں اور سیلابی ریلوں میں بہ جانے سے 20 افراد کی اموات کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
حکام کے مطابق سیلاب سے 15 لاکھ افراد عارضی طور پر بے گھر ہوئے ہیں جب کہ دارالحکومت لاہور کے نواحی علاقے بھی مکمل طور پر سیلاب میں ڈوب گئے۔
دریائے راوی پر تقریبا نصف صدی بعد سیلابی ریلے آنے کے بعد دریا کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کی زبان گڑبڑا گئی تھی اور انہوں نے کہا تھا کہ ’اس سال بارش کی وجہ سے موسلا دھار بارشیں ہوئیں‘۔
میڈیا سے گفتگو کرنے کے دوران وزیر اعلٰی پنجاب نے صحافیوں کو سیلابی صورت حال پر آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سال صوبے کو شدید بارشوں کا سامنا رہا اور یہ کہ اس بار بارش کی وجہ سے موسلادھار بارشیں ہوئیں۔
مریم نواز کی جانب سے اس سال بارش کی وجہ سے موسلادھار بارشیں ہوئیں کے جملے کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مریم نواز کا بیان جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے‘ کا نیا ورژن ہے۔
کچھ افراد نے لکھا کہ ’مریم نواز ‘کا ’بلاول بھٹو‘ جیسا دور جب کہ بعض نے لکھا کہ انہیں ’نیند کی وجہ سے سخت نیند آ رہی ہے‘۔
سوشل میڈیا صارفین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے بیان پر دلچسپ کمنٹس کرتے ہوئے لکھا کہ ’رونے کی وجہ سے ان کی آنکھوں میں آنسوں آ گئے‘
کچھ افراد نے لکھا کہ ’وہ اکیلے پن کی وجہ سے تنہا ہوگئے ہیں جب کہ بعض لوگوں نے کمنٹ کیے کہ ’بلاک کرنے کی وجہ سے انہیں میسیج نہیں مل رہے‘۔