ٹرائی نیشن سیریز: پاکستان نے یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
ٹرائی نیشن سیریز کے پانچویں مقابلے میں پاکستان نے میزبان متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 31 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں یو اے ای کی ٹیم 172 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز ہی بنا سکی، اوپنر بیٹر علی شان شارافو نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 68 رنز بنائے، تاہم دیگر بیٹرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔
پاکستانی مسٹری اسپنر ابرار احمد نے اپنے ٹی 20 کیرئیر کی بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے صرف 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کی کمر توڑ دی۔
شاہین شاہ آفریدی اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس سے قبل، پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے، ٹاپ آرڈر بلے باز فخر زمان نے ذمہ دارانہ 44 گیندوں پر 77 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، انہوں نے 10 چوکے اور 2 چھکے بھی لگائے۔
محمد نواز نے بھی فخر زمان کا زبردست ساتھ دیا، بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بلے باز نے 37 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر قومی ٹیم کے مجموعے میں اضافہ کیا۔
80 کے مجموعی پر آدھی ٹیم کے پویلین واپس لوٹ جانے کے بعد دونوں بیٹرز نے چھٹی وکٹ کیے لیے ریکارڈ 91 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔
صاحب زادہ فرحان 16، محمد حارث 14، صائم ایوب 11، کپتان سلمان علی آغا 7 اور حسن نواز 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
یو اے ای کی جانب سے سے حیدر علی 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے۔
سہ فریقی سیریز کے اہم مقابلے میں پاکستان ٹیم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری، فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی جگہ سلمان مرزا جبکہ صفیان مقیم کی جگہ ابرار احمد کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹرائی نیشن سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان کو 39 رنز سے اور دوسرے مقابلے میں یو اے ای کو 31 رنز سے شکست دے تھی جبکہ اپنے تیسرے میچ شاہینوں کو افغان ٹیم سے 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔