پاکستان

دشمن یاد رکھے اگلی بار اسکور 60 صفر ہوگا، ایئر وائس مارشل شہریار خان

پاک فضائیہ نیکسٹ جنریشن ایئرفورس بن چکی، جدید ٹیکنالوجیز، ایڈوانس ویپن سسٹمز، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت نے ممتاز حیثیت دلائی ہے، مزار قائد پر خطاب

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا ہے کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ نے 6 ستمبر کی یاد تازہ کر دی، دشمن یاد رکھے اگلی بار اسکور 6 صفر تک محدود نہیں ہوگا بلکہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے 60 صفر ہوگا۔

کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ 6 ستمبر اس دن کی یاد دلاتا ہے، جب مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملادیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا، ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانا پڑی ہے، ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں، دشمن یاد رکھے اگلی بار اسکور 60 صفر ہوگا۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ ہم دفاع وطن کے لیے ہمیشہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب ایک رسم نہیں بلکہ ایک اعلان ہے، اعلان اس بات کا ہے کہ پاکستان کے تمام شہری، محافظین ہر دم چوکس اور تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ نے ہمیں اتحاد، ایمان اور قربانی کا درس دیا ہے، جب قائداعظم کے مزار پر پہرہ دیتے ہیں تو یہ عہد دہراتے ہیں کہ ہم انکے نظریات کے امین ہیں، دشمن سرحد پار سے آئے یا اندرونی طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کرے ہم ہر محاذ پر تیار کھڑے ہیں۔

ایئروائس مارشل کا کہنا تھا کہ مسلح افواج، بالخصوص پاک فضائیہ ہر میدان میں پاکستان کے عوام کی امیدوں پر پورا اتری ہے، پاکستان کے ہر آپریشن میں پاک فضائیہ نے قوم کو کبھی مایوس نہیں ہونے دیا، ہمارے دشمنوں کو ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، ریسکیو آپریشنز، عالمی سطح پر پیس مشنز میں ہماری فضائیہ نے صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پاکستان کا دفاع صرف سرحدوں تک محدود نہیں، ہر شہر ہر گلی، ہر دل میں دھڑکن بن کر موجود ہے، یقین دلاتا ہوں پاکستان کی فضائی حدود کا دفاع پاک فضائیہ کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

ایئروائس مارشل کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ کی زیر قیادت پاک فضائیہ ایک نیکسٹ جنریشن ایئرفورس بن چکی ہے، جدید ٹیکنالوجیز، ایڈوانس ویپن سسٹمز، اسپیس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت نے ممتاز حیثیت دلائی ہے، قوم کو دفاع پاکستان، ماضی کے آپریشنز میں افواج پاکستان کی اعلیٰ کامیابی پر فخر ہے۔

شہریار خان نے کہا کہ ہم اپنے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، وطن کے دفاع کے لیے دشمن کے ناپاک ارادوں کی راہ میں سیسہ پلائی دیوار بن کر ڈٹے رہیں گے، دشمن کی پاکستان کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے اور اگلی بار اسکور 6 صفر تک محدود نہیں ہوگا، یہ اللہ کی مدد سے 60 صفر ہوگا۔