پاکستان

اسلام آباد اور پنجاب کے شمالی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری

پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، طوفانی بارش سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، عوام درختوں، کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور گاڑیوں کو محفوظ جگہ پر پارک کریں۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبر دار کیا ہےکہ آئندہ 2 سے 6 گھنٹوں میں اسلام آباد اور پنجاب کے کچھ شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔

سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز گرمی کی وجہ سے ’ٹاورنگ کومولس بادلوں‘ کا سسٹم بنا جو کہ آسمانی بجلی کے گرنے، گرج چمک اور موسلادھار بارش کا باعث بن سکتا ہے۔

ادارے نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے، طوفانی بارش سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان اور بجلی بند ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے درخواست کی کہ وہ درختوں، کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور گاڑیوں کو محفوظ جگہ پر پارک کریں۔

ساتھ ہی شہریوں کو غیر ضروری سفر کرنے سے بھی گریز کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔