پاکستان

نوشہرہ: اکبر پورہ کے علاقے میں قبائلی رہنما کے گھر پر دستی بموں سے حملہ، 5 افراد زخمی

تورا بورا میں نامعلوم ملزمان نے 2 دستی بم سردار علی کے گھر پھینکے، ایک پھٹ نہیں سکا، زخمیوں میں سردار، اہلیہ اور بچے شامل، لیڈی ریڈنگ ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ اکبر پورہ کے علاقے تورابورا میں قبائلی رہنما کے گھر پر دستی بموں سے حملے میں 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق نوشہرہ پولیس نے بتایا کہ زخمیوں میں 3 مرد، بچی اور خاتون شامل ہیں، جنہیں پبی کے ہسپتال سے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور ریفر کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کے سربراہ سردار علی کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی، حملہ آوروں نے 2 بم پھینکے تھے، جن میں سے ایک پھٹ نہیں سکا، دھماکے سے گھر کو جزوی نقصان پہنچا۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم ملزمان نے قبائلی رہنما سردار علی کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا،دھماکے سے پورا علاقہ لرز اٹھا اور 5 افراد زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں سردار علی، ان کی اہلیہ اور بچے شامل ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، تاہم فوری طور پر مقدمہ درج ہونے کی اطلاع نہیں ملی، زخمیوں کے علاج معالجے کے بعد متاثرہ خاندان کے رجوع پر فوری مقدمہ درج کرلیا جائے گا۔