پاکستان

ننکانہ صاحب میں معمولی جھگڑے پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی

ڈی پی او فراز احمد کی قیادت میں ایک کامیاب کارروائی کے دوران واقعے ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ترجمان پولیس

پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب میں پیر کے روز دو گروپوں کے درمیان ایک معمولی جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی اور اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں ننکانہ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ سانگلہ ہل میں پیش آیا، جہاں دو افراد جان سے گئے اور ایک زخمی کو فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ننکانہ کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) فراز احمد موقع پر پہنچ گئے، انہوں نے جائے وقوع کا معائنہ کیا گیا اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈی پی او نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

بعد ازاں، ننکانہ پولیس کے ایک اور بیان میں تصدیق کی گئی کہ سانگلہ ہل میں کارروائی کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

دوسرے بیان میں کہا گیا کہ ڈی پی او فراز احمد کی قیادت میں ایک کامیاب پولیس آپریشن کیا گیا، واقعے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مزید کارروائی جاری ہے۔