پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش

ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ایئرپورٹ کے اطراف بھی بادل برس پڑے، گلشنِ حدید اور اسٹیل ٹاون مشرقی کے علاقوں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

کراچی کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہو رہی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقوں ملیر، شاہ فیصل کالونی اور ایئرپورٹ کے اطراف بھی بادل برس پڑے، جبکہ گلشنِ حدید اور اسٹیل ٹاون مشرقی کے علاقوں میں بھی بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کورنگی اور شارع فیصل کے اطراف کے علاقوں میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ویدر اپڈیٹ پی کے نے ایکس پر پوسٹ میں بتایا کہ گلشن حدید میں بارش ہو رہی ہے۔

اسی طرح صدر میں بھی بارش کے مناظر کی ویڈیو شیئر کی گئی۔

آج صبح بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہوئی تھی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، شاہراہ فیصل، ڈیفنس، قیوم آباد، کورنگی روڈ، برنس روڈ، ایم اے جناح، گلستان جوہر، ناظم آباد اور گلشن اقبال سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسے۔

اس کے علاوہ یونیورسٹی روڈ، محمود آباد، منظورکالونی، بلوچ کالونی اور اطراف میں بھی ہلکی بارش ہوئی تھی جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نےکراچی میں 2 روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے، موسلادھار بارش کے پیش نظر کراچی کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب سندھ کے دیگر شہروں میں بھی مون سون کا طوفانی اسپیل جاری ہے۔

حیدر آباد، سجاول، ٹھٹہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپورماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت مختلف شہروں میں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے اگلے 2 روز میں مزید موسلادھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 10 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپور خاص، سانگھڑ، خیر پور اور شہید بے نظیرآباد سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔