پاکستان

کراچی: بھٹائی آباد میں تیز دھار آلے کے وار سے 3 خواتین قتل، بچی سمیت 2 افراد زخمی

زخمی بچی نے ماموں کو قاتل قرار دے دیا، ملزم کو ہسپتال سے ہی حراست میں لیا جائے گا، کیس واضح ہوچکا، پولیس مکمل تحقیقات کرے گی، ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ

کراچی کے علاقے ملیر کینٹ تھانے کی حدود میں ایک گھر میں تیز دھار آلے سے 3 خواتین کو قتل کردیا گیا جب کہ واقعے میں 2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر کینٹ تھانے کی حدود بھٹائی آباد میں ایک گھر سے 3 خواتین کی گلہ کٹی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، مقتولین کی شناخت مینا، عائشہ، دانیہ کے نام سے ہوئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا، جہاں ایک لڑکی کو زخمی حالت میں پایا گیا جسے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، لڑکی کی شناخت نندنی کے نام سے ہوئی۔

ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیر زادہ نے بتایا ہے کہ ایک مرد کو بھی زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ہے جس کی شناخت اجے کے نام سے ہوئی ہے۔

ایس ایس پی ملیر کے مطابق زخمی بچی نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ مامو اجے نے پہلے تینوں کو چھری کے وار سے قتل کیا، اس کے بعد مجھے مارنے کی کوشش کی تو میں وہاں سے بھاگی۔

عبدالخالق پیرزادہ نے مزید بتایا کہ ممکنہ طور پر اجے نے اس واقعے کے بعد خودکشی کی کوشش کی، زیادہ تر ایسے واقعات میں اپنے قریبی ہی ملوث ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم کو ہسپتال سے ہی حراست میں لیا جائے گا، بچی کے بیان کے بعد کیس بالکل واضح ہوچکا ہے تاہم پولیس کی جانب سے مکمل تحقیقات کی جائے گی۔