یقین ہے ہم اپنے پاوں پر کھڑے ہو کر ایک عظیم قوم بنیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے قرض اتارنے کے لئے اکاؤنٹ بنایا کیوں کہ قرض دار قوم کبھی خودار اور آزاد نہیں ہوسکتی، مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے پاوں پر کھڑے ہو کر ایک عظیم قوم بنیں گے۔
پشاور میں پاک صاف وشفاف پختونخوا مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خواب کے مطابق بلدیاتی نظام بنایا تھا لیکن بدقسمتی سے حکومت میں ہونے کے باوجود بلدیاتی نتائج کچھ اچھے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں بلدیاتی نظام کو عمران خان کے ویژن سے ہٹایا گیا، اختیارات کے لیے بلدیاتی نظام کو تباہ کرکے رکھ دیا، جب تک سیاست کو نہیں نکالیں گے تو نظام ٹھیک نہیں ہوسکتا۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمارے دیہی علاقوں میں کبھی بھی صفائی کے لئے کوئی منصوبہ نہیں بنا، ہمارے لیڈر کا ویژن ہے کہ سب کو برابری کی سطح پر لانا ہے، میں حلفیہ کہتا ہوں کہ کسی بندے کی بھرتی میں میرا کوئی کردار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وی سی چیئرمین کسی بھی جماعت کا ہو اس کے لئے صفائی کی گاڑیاں دستیاب ہوں گی، بحیثیت وزیراعلیٰ بہت دباو ہوتا ہے لیکن بہت حد تک اختیارات بلدیاتی نمائندوں کو منتقل کرچکے ہیں۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے کہا کہ 75 سال سے کسی نے دیہی ترقی کے بارے میں سوچا تک نہیں، ہم نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے اب آپ نے اپنے حصہ کا کام کرنا ہے، آپ کے علاقہ کی صفائی دیکھ کر لوگ اندازہ لگائیں گے کہ آپ کیسے انسان اور مسلمان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم جب آئے تو خزانے میں 18 دن کی تنخواہ تھی، ہم نے نا صرف رکے ہوئی منصوبے شروع کئے بلکہ خزانہ بھی بھر دیا،14 سالوں میں جاری منصوبوں میں چار سو ارب سے زائد کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے ٹیکس اور صوبے کے ساتھ ایسی زیادتی ہوگی تو کیسے ترقی کریں گے، صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے،ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے قرض اتارنے کے لئے اکاونٹ بنایا،قرضدار قوم کبھی خودار اور آزاد نہیں ہوسکتی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کی تنخواہیں بھی اب اکاونٹ میں آئیں گی، پاک صاف و شفاف پختونخوا آپ کا اپنا منصوبہ ہے اور اب صوبے میں صفائی سے متعلق تبدیلی آئے گی۔
مزید کہا کہ آگے بڑھنے کے لئے معاشی خودمختاری ضروری ہے،صرف ایک سو روپے میں آپ کے گھر کی صفائی کچھ بھی نہیں،مجھے یقین ہے کہ ہم اپنے پاوں پر کھڑے ہو کر ایک عظیم قوم بنیں گے۔