پاکستان

برطانیہ کے تعاون سے اے این ایف کیلئے جدید ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم کا آغاز

نئے نظام سے ڈیٹا کی درستگی میں اضافہ، تاخیر میں کمی اور تیز تر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے گا، ڈیجیٹل سسٹم اے این ایف ریجنل ہیڈکوارٹرز اور تھانوں میں نافذ کر دیا گیا ہے
|

برطانیہ کی معاونت سے پاکستان کی انسدادِ منشیات فورس ( اے این ایف ) کے لیے جدید ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم کا آغاز کر دیا گیا۔ اس نظام کے ذریعے منشیات کے مقدمات کو روایتی طریقۂ کار کی بجائے ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منظم کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کے لیے جدید ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ شریک ہوئے۔

ڈیجیٹل کیس مینیجمنٹ سسٹم مقدمات کے اندراج، شواہد کے ریکارڈ اور لیبارٹری نتائج کو ڈیجیٹل انداز میں یکجا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پائلٹ منصوبہ فروری 2025 میں شروع کیا گیا تھا جو اب ملک بھر کے تمام اے این ایف ریجنل ہیڈکوارٹرز اور تھانوں میں نافذ کر دیا گیا ہے۔

نئے نظام سے ڈیٹا کی درستگی میں اضافہ، تاخیر میں کمی اور تیز تر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

افتتاحی تقریب میں اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالموید، برٹش ہائی کمیشن، اپ اسکیل، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈاور دیگر شراکت داروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔