پاکستان

صدر مملکت نے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائیکورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس تعینات کر دیا

سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جٹس کی تعیناتی کا اطلاق عہدے کا حلف لینے کی تاریخ سے ہوگا، نوٹیفکیشن جاری

صدر مملکت نے جسٹس ظفر احمد راجپوت کو سندھ ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس تعینات کر دیا۔

صدر مملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جٹس کی تعیناتی کا اطلاق عہدے کا حلف لینے کی تاریخ سے ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جوڈیشنل کمیش آف پاکستان کی جانب سے مستقل چیف جٹس کی تعیناتی تک ظفر احمد راجپوت سندھ ہائی کورٹ کےقائم مقام چیف جسٹس کے عہدے پر تعینات رہیں گے

مزید کہا گیا ہے کہ ظفر احمد راجپوت اس وقت سندھ ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق جسٹس ظفر راجپوت 16 اکتوبر 1965 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے گورنمنٹ سٹی آرٹس کالج سے بیچلر آف آرٹس، گورنمنٹ جناح لاء کالج سے ایل ایل بی اور جامعہ سندھ سے بین الاقوامی تعلقات میں ماسٹرز کیا۔

جسٹس ظفر راجپوت 1990 میں سندھ بار کونسل کے ساتھ بطور وکیل رجسٹرڈ ہوئے اور 2001 میں ہائی کورٹ کے وکیل بنے، انہوں نے تین سال تک وکالت کی، اس کے بعد 1993 میں بطور عدالتی مجسٹریٹ منتخب ہوئے۔

انہیں 31 اگست 2013 کو سندھ ہائی کورٹ کے جج کے طور پر ترقی دی گئی۔