لائف اسٹائل

ولاگ میں والد کے آخری لمحات دکھانے پر خواتین ولاگرز کو تنقید کا سامنا

لاہور سے تعلق رکھنے والی ولاگرز بہنوں نے اپنے یوٹیوب چینل ’عمارہ ود لائف‘ پر شیئر کیے گئے ولاگ میں اپنے والد کی زندگی کے آخری لمحات دکھائے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والی دو خواتین ولاگرز کی جانب سے والد کی زندگی کے آخری لمحات کو ولاگ میں دکھانے پر تنقید کا سامنا ہے، صارفین ان کے ولاگ کو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیے۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی ولاگرز نے اپنے یوٹیوب چینل ’عمارہ ود لائف‘ میں اپنے والد کی زندگی کے آخری لمحات بھی دکھائے، انہوں نے ایک ولاگ میں والد کی انتہائی تشویش ناک حالت دکھائی اور اسی ولاگ میں ان کے والد فوت ہوگئے، انہوں نے ان کی لاش بھی دکھائی۔

ولاگ کے دوران وہ دونوں بہنیں معمول کے مطابق گفتگو بھی کرتی دکھائی دیں جب کہ ولاگ میں ان کا گھر، دیگر اہل خانہ بھی دکھائی دیے۔

ولاگ میں دونوں بہنوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی دادی کو فون کرکے بلایا اور کہا کہ ان کا بیٹا مشکل میں ہے، پھر ان کی دادی نے اپنے بیٹے کو آخری لمحات میں دیکھا اور ان کے والد اپنی ماں سے بات کرتے کرتے انتقال کر گئے۔

دونوں بہنوں کی جانب سے ولاگ میں والد کو زندگی سے موت کی طرف جانے کا سفر دکھانے پر شدید تنقید کا سامنا ہے، سوشل میڈیا صارفین نے ان کے یوٹیوب پر کمنٹس کرتے ہوئے ان کے عمل کو انتہائی شرم ناک قرار دیا۔

زیادہ تر افراد نے لکھا کہ دونوں بہنوں کی ذہنی صحت ٹھیک نہیں لگتی، انہیں دماغی ڈاکٹر کے پاس لے جانا چاہیے، ان میں اتنی بھی شرم نہیں کہ چند ویوز کی خاطر اپنے والد کی موت دکھا رہی ہیں۔

حیران کن طور پر دونوں بہنیں والد کے موت کے مناظر دکھانے والے ولاگز میں کھانے پکانے سمیت دیگر معلومات زندگی پر بات بھی کرتی دکھائی دیں اور صارفین کو اپیل بھی کی کہ وہ ان کے یوٹیوب چینل کو سبسکرائب کریں۔

ان کے یوٹیوب چینل پر 43 ہزار سے زائد سبسکرائبرز ہیں اور والد کے موت کو دکھانے والے ان کے ولاگز کو تین ہفتوں کے دوران 6 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔

والد کے موت کے مناظر والے ولاگز شیئر کرنے کے بعد بھی دونوں بہنیں ابھی تک ولاگز شیئر کرتی آ رہی ہیں اور صارفین ان کے اکاؤنٹ پر جاکر انہیں شدید تنقید کا سامنا بنا رہے ہیں۔