دنیا

وزیراعظم کی جنیوا میں نواز شریف سے ملاقات، پاک-سعودیہ دفاعی معاہدے سے آگاہ کیا

شہباز شریف نے برطانیہ پہنچنے سے قبل جنیوا میں مختصر قیام کیا، وزیراعظم لندن میں 4 دن قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لندن پہنچنے سے قبل جنیوا میں سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کرکے انہیں پاک - سعودیہ دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد برطانیہ کے شہر لندن میں اپنی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

شہباز شریف نے لندن پہنچنے سے قبل کچھ دیر سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں مختصر قیام کیا اور وہاں سابق وزیراعظم نواز شریف کی عیادت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کو پاک - سعودی عرب تاریخی دفاعی معاہدے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

نواز شریف علاج کے لیے ان دنوں جنیوا میں موجود ہیں اور ان کا آئندہ چند روز میں لندن آنے کا امکان ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں 4 دن قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور تاجر رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، وزیراعظم ہفتے کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز دورہ سعودی عرب مکمل کرکے ریاض سے لندن روانہ ہوئے تھے، ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبدالرحمٰن نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم کو الوداع کیا تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہوئے تھے، جس کے تحت کسی بھی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔

مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ریاض میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کردیے۔

یہ معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

ایک ملک کیخلاف جارحیت دونوں پر حملہ تصور ہوگا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ

سعودیہ اور پاکستان جارح کے مقابل ایک ہی صف میں ہمیشہ اور ابد تک، سعودی وزیر دفاع

پاک-سعودیہ دفاعی معاہدے کے ممکنہ اثرات پر توجہ مرکوز ہے، بھارتی وزارت خارجہ