یقین ہے ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا پھر سامنا کریں گے، صاحبزادہ فرحان
پاکستانی اوپنر بیٹر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ٹیم کو یقین ہے کہ وہ آئندہ اتوار کو ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا پھر سامنا کرے گی۔
اتوار کے روز بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹورنامنٹ کے دوسرے پریشر مقابلے میں 172 رنز کا ہدف باآسانی چھ وکٹوں سے حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان نے اوپنر صاحبزادہ فرحان کی شاندار 45 گیندوں پر 58 رنز کی اننگز کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے، حالانکہ ایک موقع پر 9.3 اوورز میں پاکستان کے ایک وکٹ پر 93 رنز تھے۔
سری لنکا کے خلاف کل کے میچ سے پہلے پیر کو پری میچ پریس کانفرنس میں اوپنر نے کہا کہ’ ہمیں یقین ہے کہ ہم ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا دوبارہ سامنا کریں گے۔’
بھارت کے خلاف نصف سنچری کے بعد اپنی خوشی کے اظہار کے بارے میں انہوں نے کہا کہ’ میں شاذ و نادر ہی ففٹی کے بعد جشن مناتا ہوں۔ یہ خیال خود بخود ہی آگیا تھا کہ اس طرح جشن مناؤں، مجھے اس کی پروا نہیں کہ لوگ اس کے بارے میں کیا سوچ ہے ہیں۔’
انہوں نے مزید کہا کہ دوسری جانب فخر زمان کا کردار ان کے لیے اعتماد کا باعث بنا کہ وہ اپنے شاٹس کھیل سکیں۔
پاکستان کے بھارت کے خلاف آخری میچ میں دونوں ٹیموں کے درمیان تلخی، جو پہلے میچ میں بھارت کی جانب سے روایتی مصافحہ کرنے سے انکار کے بعد شروع ہوئی تھی، جاری رہی تھی۔
میچ کے بعد تقریب میں ابھشیک شرما نے کہا : ’ آج (اتوار) یہ سب بہت سادہ تھا، جس طرح وہ (پاکستانی) کسی وجہ کے بغیر ہمارے خلاف آ رہے تھے، مجھے یہ بالکل اچھا نہیں لگا، اور یہ واحد طریقہ تھا کہ میں اپنے بیٹ سے جواب دے سکتا تھا۔’
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے میچ کے بعد کہا: ’ ہم نے ابھی تک ایک مکمل میچ نہیں کھیلا۔ ہم نے بیٹنگ بہت اچھی کی، لیکن میرے خیال میں جب بولنگ کی باری آئی تو انہوں نے پاور پلے میں میچ ہم سے چھین لیا۔’
اس سے قبل بنگلادیش نے ہفتے کو دبئی میں اپنے میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔
خیال رہے کہ سپر فور مرحلے کی دو ٹاپ ٹیمیں 28 ستمبر کو دبئی میں ایشیا کپ کا فائنل کھیلیں گی۔