دنیا

غزہ انسانیت کا مدفن بن چکا، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی برادری فیصلہ کن اقدام کرے ، اسحٰق ڈار

غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر اجلاس سے خطاب

نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ غزہ انسانیت اور عالمی ضمیر کا مدفن بن چکا ہے۔ ہم سلامتی کونسل اور وسیع تر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فیصلہ کن اقدام کرے، انسانی وقار کو برقرار رکھے، احتساب کو یقینی بنائے اور انصاف فراہم کرے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مسئلہ فلسطین پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ فلسطین کے باشندے ناقابل تصور اذیت جھیلنے اور روزانہ ناقابل بیان جانی نقصان اٹھانے پر مجبور ہیں، گھر، آبادیاں اور انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے اور معاشرے کا تار پود بکھر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں 64 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سےز ائد زخمی ہوچکے ہیں، غزہ کے مصائب پر دنیا کو خاموش نہیں رہنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔

نائب وزیراعظم انے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے، قحط سالی نے پنجے گاڑ لیے ہیں اور پانچ لاکھ افراد بھوک کے باعث خطرے سے دوچار ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ غزہ میں جاری فوجی جارحیت کے نتیجے میں روزانہ درجنوں شہادتیں ہورہی ہیں اور خاندان کے خاندان بے گھر ہورہے ہیں، تین لاکھ افراد پہلے ہی بے گھر ہوچکے ہیں جبکہ مزید دس لاکھ سے بے گھر ہونے کا خطرہ ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ مغربی کنارے میں غیرقانونی بستیاں آباد کی جارہی ہیں، حالیہ ای ون منصوبہ عالمی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جس کے لیے پاکستان تجویز کرتا ہے کہ غزہ میں جانی نقصان کو روکنے کے لیے فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی کی جائے، غزہ میں بلارکاوٹ انسانی رسائی فراہم کی جائے، اور تمام ضرورتمندوں تک جان بچانے والی امداد پہنچنے دی جائے، فلسطینیوں کی ان کی زمین سے جبری بے دخلی کو روکا جائے۔

اسحق ڈار نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کو انصاف کے کٹہرے میں لے کر آئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان،سعودی عرب اورفرانس کی جانب سے فلسطین کی دو ریاستی حل کانفرنس کا خیرمقدم کرتا ہے اور فلسطینی عوام کیلئے غیرمتزلزل حمایت کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ’ غزہ انسانیت اور عالمی ضمیر کے لیے ایک قبرستان بن چکا ہے۔ ہم سلامتی کونسل اور وسیع تر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فیصلہ کن اقدام کرے، انسانی وقار کو برقرار رکھے، احتساب کو یقینی بنائے اور انصاف فراہم کرے۔’

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’ باتوں کا وقت گزر چکا ہے، اب عمل کا وقت ہے۔’