افغانستان کیخلاف کامیابی کے بعد والد کے انتقال کی خبر، پی سی بی حکام نے دنتھ ویلالاگے کی ہمت بندھائی
افغانستان کے خلاف شاندار کامیابی کے فوراً بعد سری لنکن اسپنر دنتھ ویلالاگے کو والد کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی تھی، پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے اختتام پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام اور کپتان سلمان آغا نے ان سے ملاقات کر کے اس دکھ کی گھڑی میں ان کا حوصلہ بڑھایا۔
ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں سری لنکا کے خلاف پاکستان کی سنسنی خیز فتح کے بعد پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلیٰ حکام نے سری لنکن اسپنر دنتھ ویلالاگے سے ملاقات کی اور ان کے والد کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، چیف آپریٹنگ منیجر سمیر احمد سید، پی سی بی کے مشیر سلمان نصیر اور ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ بھی کپتان کے ہمراہ موجود تھے۔
انہوں نے نوجوان کرکٹر سے یکجہتی کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں ان کی حوصلہ افزائی کی، کپتان سلمان علی آغا نے کرکٹر کی ہمت بندھائی۔
دنتھ ویلالاگے کو والد کے انتقال کی افسوسناک خبر ابوظبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف چھ وکٹوں سے کامیابی کے فوراً بعد ملی تھی، یہ وہ جیت تھی جس نے سری لنکا کو سپر فور مرحلے تک رسائی دلائی۔
سری لنکن اسپنر دنتھ کے والد سورنگا ویلالاگے دل کا دورہ پڑنے سے چل بسے، جب کہ وہ اس وقت سری لنکن ٹیم کی ذمے داری پر موجود تھے۔