کھیل

ایشیا کپ میں اصل ٹرافی نہ ملنے پر بھارتی کھلاڑیوں نے ’فرضی ٹرافی‘ کا سہارا لے لیا

ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے سوشل میڈیا پر ’فرضی ٹرافی‘ کے ساتھ تصویر شیئر کی، شائقین کی تنقید، کپتان سوریا کمار کو پریس کانفرنس میں سخت سوالات کا سامنا

ایشیا کپ میں اصل ٹرافی نہ ملنے پر بھارتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا پر فرضی تصاویر کا سہارا لینا شروع کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق بھارتی کھلاڑی ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں دونوں ایک ٹرافی کے ساتھ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں، حالانکہ بھارتی ٹیم کو ان کی ہٹ دھرمی کے باعث ٹورنامنٹ کی اصل ٹرافی دی ہی نہیں گئی۔

شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب اصل ٹرافی نہیں ملی تو فرضی تصاویر بنا کر کیا ثابت کرنا چاہتے ہیں؟

بھارتی کپتان کو سخت سوالات کا سامنا

اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزیوں پر بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کو صحافیوں کے تابڑ توڑ سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایشیا کپ فائنل کے بعد صحافیوں کے پے در پے سوالات کے جوابات دینے کے بجائے بھارتی کپتان اسے گول گرتے رہے، ایک صحافی نے ٹرافی سے متعلق سوال کیا کہ تو بھارتی کپتان بات گھماتے نظر آئے۔

کپتان سوریا کمار نے یہ بھی کہا کہ ٹرافی سے متعلق فیصلہ گراؤنڈ میں ہی کیا، کبھی نہیں دیکھا کہ ٹرافی جیتنے والی ٹیم کو نہ دی گئی ہو، انہوں نے شرمندہ ہونے کے بجائے شکوہ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم نے ایشیاکپ میں اچھی کرکٹ کھیلی لیکن ٹرافی نہیں دی گئی، ٹیم نے ایشیاکپ کی ٹرافی محسوس کرلی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بھارتی کپتان کھیل میں سیاست کو لانے، پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی سے متعلق سوال گول کر گئے۔

بھارتی میڈیا منیجر نے پریس کانفرنس کے دوران ایک پاکستانی صحافی کا سوال لینے سے ہی انکار کر دیا۔