پاکستان

پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ، این ٹی سی اور اگنائٹ کی رائٹ سائزنگ کا فیصلہ

عالمی کنسلٹنگ فرم ایلویریز اینڈ مارسال کی خدمات حاصل کرلی گئیں، فرم اداروں کی اصلاحات پر سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی، دیگر اداروں میں بھی ساختی تبدیلیاں زیر غور

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے ذیلی ادارے پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)، نیشنل ٹیلی کام کارپوریشن (این ٹی سی) اور اگنائٹ کی رائٹ سائزنگ کا فیصلہ کرلیا گیا، عالمی کنسلٹنگ فرم ایلویریز اینڈ مارسال کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، فرم اداروں کی اصلاحات پر سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی۔

حکومت کی طرف سے اداروں کی رائٹ سائزنگ کا سلسلہ جاری ہے، وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے پی ایس ای بی، این ٹی سی اور اگنائٹ کی رائٹ سائزنگ کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔

وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کے ذرائع نے ’ڈان نیوز‘ کو بتایا کہ پی ایس ای بی، این ٹی سی اور اگنائٹ میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متوقع ہیں، اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام نے ایلویریز اینڈ مارسال کنسلٹنگ فرم کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کنسلٹنٹ فرم نے کام کا آغاز کر دیا ہے، اداروں کی اصلاحات پر سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی، این ٹی سی کا حجم 50 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔

وزارت آئی ٹی کے دیگر اداروں میں بھی ساختی تبدیلیاں زیر غور ہیں، اصلاحات سے اداروں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں بہتری آنے کی امید ہے۔