کھیل

انگلش آل راؤنڈر کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

انگلینڈ کے لیے کھیلنا بچپن کا خواب تھا اور مجھے خوشی ہے کہ وہ خواب پورے ہوئے، 2 ورلڈ کپ جیتنا اور یادگار ایشیز سیریز کا حصہ بننا میرے لیے ناقابلِ فراموش لمحات ہیں۔

انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

کرکٹ ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے بعد ان کے 14 سالہ شاندار کیریئر کا اختتام ہوگیا، انہوں نے تینوں فارمیٹس میں انگلینڈ کی نمائندگی کی۔

36 سالہ ووکس گزشتہ ہفتے ایشیز اسکواڈ سے ڈراپ کر دیے گئے تھے کیونکہ جولائی میں بھارت کے خلاف پانچویں ٹیسٹ کے دوران کندھے کی انجری کے بعد وہ مکمل فٹنس حاصل نہیں کر پائے تھے۔

انگلش ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر راب کی نے ایک بیان میں کہا تھا ’کرس ووکس ہماری مستقبل کی منصوبہ بندی میں شامل نہیں ہیں‘۔

اس بیان کے بعد کرس ووکس نے انسٹاگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

وہ آخری بار اوول ٹیسٹ میں کندھے پر پٹی باندھے 11ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے تھے تاکہ اپنی ٹیم کو سیریز جتواسکیں۔

کرس ووکس نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ میرے لیے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا درست وقت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے لیے کھیلنا بچپن کا خواب تھا اور مجھے خوشی ہے کہ وہ خواب پورے ہوئے، 2 ورلڈ کپ جیتنا اور یادگار ایشیز سیریز کا حصہ بننا میرے لیے ناقابلِ فراموش لمحات ہیں۔

واضح رہے کہ کرس ووکس انگلینڈ کی جانب سے 62 ٹیسٹ، 122 ون ڈے اور 33 ٹی20 کھیل چکے ہیں اور مجموعی طور پر 396 وکٹیں حاصل کیں۔

کرس ووکس نے 62 ٹیسٹ میں 2034 رنز بنائے اور 192 وکٹیں لیں جبکہ 121 ون ڈے میچز میں 1524 رنز بنائے اور 173 وکٹیں لیں، اسی طرح 33 ٹی20 انٹرنیشنل میں انہوں نے 147 رنز بنائے اور 31 وکٹیں حاصل کیں۔