پاکستان

فلسطین کا معاملہ حل کی جانب بڑھ رہا ہے، وفاقی وزیر قانون

شہبازشریف نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین بھرپور طریقے سے اٹھایا، این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں کی مشاورت سے ہوگا، ریکوڈک پر پہلا حق بلوچستان کا ہے، اعظم نذیر تارڑ کا سینیٹ اجلاس میں خطاب

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فلسطین کا معاملہ حل کی جانب بڑھ رہا ہے، فلسطینی عوام نے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔

سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہبازشریف نے جنرل اسمبلی میں مسئلہ فلسطین بھرپور طریقے سے اٹھایا، فلسطین کا معاملہ حل کی جانب بڑھ رہا ہے اور فلسطینی عوام نے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے معاہدے حکومت کرتی ہے، ریکوڈک منصوبے کا معاہدہ مکمل شفافیت سے ہوا، اس منصوبے پر پہلا حق بلوچستان کا ہے، این ایف سی ایوارڈ تمام صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ این ایف سی کیلئے صوبوں سے نامزدگیاں لے کر فائنل کردیا گیا ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی تھی کہ ستمبر میں ہی کردیا جائے، اس کا ایوارڈ جلد ہوجائے گا۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان کے دوست ممالک سے تعلقات مزید مضبوط ہورہے ہیں، دنیا میں پاکستان کے سفارتی کردار کی پذیرائی ہورہی ہے جبکہ بھارت کو عالمی سطح پر تنہائی کا سامنا ہے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے دفاعی معاہدے پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آج بھی 18ویں ترمیم کے ساتھ کھڑی ہے، اس ترمیم پر عملدرآمد کیلئے جو کچھ ہم سے ہوپایا ہم نے کیا۔

وفاقی وزیر قانون نےکہا کہ مائنز اینڈمنرلز اب ختم شدہ موضوع ہے، ریکوڈک معاملے میں سپریم کورٹ کی مداخلت کے باعث 8 ارب ڈالر کا جو ہرجانہ تھا وہ بھی وفاق نے دینا تھا۔