پاکستان

علیمہ خان پارٹی میں تقسیم پیدا کر رہی ہیں، عمران خان کو آگاہ کردیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پاکستان تحریک انصاف میں بڑی تقسیم آچکی، علیمہ خان کو پارٹی کا چیئرپرسن بنانے کیلئےکیمپینز چلائی جارہی ہیں، علی امین گنڈا پور کا سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں تقسیم بانی کی بہن علیمہ خان کر رہی ہیں، بانی سے ملاقات کے دوران انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے گزشتہ روز جیل میں ملاقات کے بعد جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ شکایت کمزور اور منافق لوگ کرتے ہیں، میں نے عمران خان کو حقیقت سے آگاہ کیا، انہیں بتایا کہ اُن کی بہن علیمہ خان پارٹی میں تقسیم کی وجہ بن رہی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کو بتایا ہے کہ پارٹی میں بڑی تقسیم آچکی ہے، علیمہ خان کو پارٹی کا چیئرپرسن بنانے کے حوالے سے کیمپینز چلائی جارہی ہیں، پارٹی کے لوگوں مایوس اور گروپ بندی کا شکار ہو رہے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ہمیں فضول چیزوں میں اُلجھایاگیا، علیمہ خان اس میں واضح کردار ادا کر رہی ہیں، عمران خان کو بتایا کہ آپ کی رہائی پر کوئی کام نہیں ہو رہا، ایسے احکامات جاری کریں کہ سب اس پر کام کریں اور متحد ہوں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی میں بیشتر رہنما اور ورکرز اُن جگہوں پر موجود بھی نہیں تھے، اس کے باوجود انہیں سزائیں ہو رہی ہیں، علیمہ خان کا بیٹا وہاں موجود تھا اور اس کی 3 دن میں ضمانت بھی ہو گئی، ادارے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کوئی جان بوجھ کر یا کسی مصلحت کے تحت اداروں کے لیے کام کر رہا ہے۔

انہوں نےکہا کہ حفیظ اللہ نیازی آرٹیکلز میں ’وزیراعظم علیمہ خان‘ لکھ رہے ہیں، اس حوالے سے کیمپین بھی چلائی جارہی ہے، خان صاحب کو واضح کیا کہ تقسیم کر کے پارٹی کو نقصان ہو رہا ہے، اگر آپ نے علیمہ خان کو چیئرپرسن بناتے ہیں تو بالکل بنائیں، جس کو بھی آپ نامزد کریں گے وہ ہمارے لیے قابل قبول ہوگا۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کا خاندان ہمارے لیے قابل احترام ہے، عمران خان کو حقائق بتانےکے بعد میرے ساتھ کچھ بھی ہو سکتا تھا تاہم میں نے کرسی کی پروا کرنے کے بجائے انہیں تمام تر معلومات فراہم کیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم پر الزام لگایا گیا کہ ہم نے غداری کر کے بجٹ پاس کیا اور کہا گیا کہ ہم مائنس عمران خان کر رہے ہیں، جس پر میں نے عمران خان کو بتایا کہ کہ ’مائنس عمران خان‘ نہ کسی کی سوچ ہے اور نہ کسی کی جُرأت۔

ان کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے انہیں بتایا کہ اُس دن وہاں کیا ہوا تھا اور وہاں کون کھڑا اور کون غائب ہو گیا تھا، اس معاملے پر عمران خان کو مکمل معلومات حاصل ہیں۔

صوبائی کابینہ سے فیصل ترکئی اور عاقب خان کے استعفے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ معمول کی بات، حکومتی معاملات میں ہوتا رہتا ہے، دونوں وزرا ہمارے دیرینہ ساتھی ہیں، ہم نے مل کر کافی کام کیا ہے، زمہ داریوں سے ہٹانے سے قبل انہیں اعتماد میں لیا گیا تھا۔

ویڈیو پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم بحثیت مسلمان اور پاکستانی، اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے، یہ ہمارا واضح مؤقف ہے، ہم فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔