ویمنز ورلڈ کپ: کیا بھارتی ویمنز ٹیم بھی پاکستانی کھلاڑیوں کیساتھ ہاتھ ملانے سے انکار کرے گی؟
پاکستان اور بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے درمیان ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ 2025 کا چھٹا میچ 5 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
پاک-بھارت ویمنز ورلڈ کپ کا یہ مقابلہ بھارتی میدان کے بجائے سری لنکا میں کھیلا جائے گا، تاہم میچ سے چند روز قبل ہی یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا بھارت اور پاکستان کی ویمنز ٹیمیں بھی مردوں کی ٹیموں کی طرح میچ سے قبل اور بعد میں ہاتھ ملانے سے اجتناب کریں گی؟
بھارتی اسپورٹس صحافی بوریا مجمدار نے سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس’ پر دعوی کیا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ’ہینڈ شیک‘ نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان اور بھارتی کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان یہ صرف ایک اور میچ نہیں ہوگا بلکہ مینز ایشیا کپ 2025 کا ایک تسلسل ہوگا۔
اس میچ میں جو تبدیلی ہو گی، وہ صرف جنس کی ہوگی جو کہ مردوں کی بجائے خواتین کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی، اس دوران دونوں ٹیمیں ہاتھ نہیں ملائیں گی تاہم آف فیلڈ ڈرامہ ضرور دیکھنے کو ملے گا۔
واضح رہے کہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ویمنز ورلڈ کپ کے اپنے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے باعث پاکستان ٹیم کے تمام میچز کو سری لنکا میں شیڈول کیا گیا ہے۔
قومی ٹیم کے سیمی فائنل اور فائنل میں کوالیفائی کرنے کی صورت میں یہ دونوں میچز بھی سری لنکا میں ہی کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مینز ایشیا کپ 2025 کے 14 ستمبر کو کھیلے گئے میچ میں بھارتی کپتان سوریا کمار یادو نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا سے ہاتھ ملانے سے انکار کیا تھا، بعد ازاں میچ جیتنے کے بعد بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی پلیئرز سے ہاتھ ملانے سے منع کر دیا تھا۔
21 ستمبر کو کھیلے گئے ایشیا کپ سپر فور راؤنڈ کے میچ میں بھی پاک-بھارت ٹیموں نے ہاتھ ملانے سے اجتناب کیا تھا، جبکہ 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلے گئے فائنل مقابلے سے قبل بھارتی کپتان نے سلمان علی آغا اور ٹرافی کے ساتھ فوٹو سیشن کروانے سے انکار کر دیا تھا۔
ٹاس کے موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ کی ضد پر دو میزبانوں نے دونوں کپتانوں سے بات کی تھی، میچ سے قبل اور بعد میں بھی دونوں ٹیموں نے ہاتھ نہیں ملایا تھا۔
اختتامی تقریب سے قبل بھارت نے ایک اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔