پاکستان

پنجاب میں بارش کے دوران چھتیں اور دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق، 28 زخمی

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، پی ڈی ایم اے

ترجمان ریسکیو 1122 پنجاب کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلق مختلف حادثات میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو گئے۔

پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ موسمی انتباہ کے مطابق، ایک طاقتور مغربی موسمی نظام تمام بڑے دریاؤں کے بالائی علاقوں کے ساتھ ساتھ اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے علاقوں کو متاثر کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، جس کے باعث 5 اکتوبر سے 7 اکتوبر تک ’ تیز سے بہت تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں’ کی پیش گوئی کی گئی تھی۔

ریسکیو 1122 پنجاب کے ترجمان فاروق احمد نے ایک بیان میں کہا کہ’ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلق مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے۔’

انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں ایک 12 سالہ بچی اور 8 سالہ لڑکا اس وقت جاں بحق ہوئے، جب بارش کے باعث ان کے گھر کی چھت گر گئی، جس سے مزید 7 افراد زخمی ہو گئے۔

ترجمان کے بیان میں مزید کہا گیا کہ’ ننکانہ صاحب میں ایک 70 سالہ شخص جبکہ قصور میں 65 سالہ شخص اسی نوعیت کے واقعے میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔’

بیان میں کہا گیا کہ’ اسی دوران سمندری، جڑانوالہ اور کاکڑوالہ میں الگ الگ چھت گرنے کے واقعات میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے، چک میں چار، مناوالہ میں تین، جبکہ فقیر والی، اللہ آباد اور ساہیوال میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔’

بیان کے مطابق لاہور میں بھی چھت اور دیوار گرنے کے واقعات میں مزید دو افراد زخمی ہوئے۔

الگ سے جاری صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) پنجاب کے ترجمان کے بیان میں کہا گیا کہ ’ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شدید بارشیں ہوئیں، جن میں ملتان نے سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی۔’

ترجمان کے مطابق فیصل آباد میں 78 ملی میٹر، بہاولپور میں 44 ملی میٹر، لاہور میں 40 ملی میٹر، خانیوال میں 28 ملی میٹر، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 25 ملی میٹر، سیالکوٹ میں 19 ملی میٹر، اور اٹک میں 10 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اسی طرح گوجرانوالہ، مری اور ساہیوال میں 8 ملی میٹر، اوکاڑہ میں 7 ملی میٹر، نارووال میں 6 ملی میٹر، منگلا میں 5 ملی میٹر، گجرات اور حافظ آباد میں 3 ملی میٹر، جبکہ لیہ اور قصور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا، اور بارش راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں متوقع ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ’ دریاؤں میں پانی کی سطح بارش کے باعث بڑھ سکتی ہے، جبکہ دریائے چناب میں پانی کی سطح 7 اکتوبر تک بلند ہونے کا امکان ہے۔’

بیان میں کہا گیا کہ’ دریائے ستلج اور راوی میں پانی کی سطح کا انحصار بھارت سے پانی کے اخراج پر ہوگا، جبکہ دریائے سندھ اور جہلم میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔’

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی۔

ملتان میں رین ایمرجنسی نافذ

واسا ( واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی) کے منیجنگ ڈائریکٹر خالد رضا خان کے مطابق ملتان میں اتوار کی رات ہونے والی شدید بارش اور پیر کی دوپہر مزید بارش کے بعد بارش ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے 4 اکتوبر (ہفتہ) کو لاہور میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ پنجاب میں اتوار سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہو کر 7 اکتوبر (منگل) تک شمالی علاقوں میں جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے شمال اور شمال مشرقی علاقوں (راولپنڈی تا لاہور) میں اوسطاً 30 سے 35 ملی میٹر بارش متوقع ہے، جبکہ جنوبی اضلاع میں 5 سے 10 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ 6 اور 7 اکتوبر کو بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا، اور شمالی و شمال مشرقی پنجاب میں 50 سے 70 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جو وسطی اضلاع تک بھی پھیل جائے گی۔