پروٹیز کی پاکستانی اسپن باؤلنگ کا مقابلہ کرنے کیلئے بھرپور تیاری
جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر کل علی الصبح لاہور پہنچے گی، پروٹیز نے نعمان علی اور ساجد خان سمیت قومی ٹیم کی خطرناک اسپن باؤلنگ کا سامنا کرنے کے لیے خصوصی تیاری کر رکھی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 12 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شرو ع ہوگا جس کے لیے مہمان ٹیم کل پہنچے گی۔
پاکستان روانگی سے قبل جنوبی افریقہ نے اپنے ملک میں مختصر کیمپ لگایا جہاں پروٹیز نے 3 اسپن ٹریک بناکر ساجد اور نعمان سے مقابلہ کرنے کے لیے اسپن باؤلنگ کھیلنے کی خصوصی تیاری کی۔
یاد رہے کہ نعمان علی اور ساجد خان کی جوڑی نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے آخری 2 ٹیسٹ میچز میں 40 میں سے 39 وکٹیں حاصل کرکے تہلکہ مچایا تھا جب کہ دونوں اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز میں بھی مجموعی طور پر 40 میں سے 31 وکٹیں حاصل کی تھی۔
ان دونوں کے علاوہ قومی ٹیم کو اسپن باؤلنگ میں مسٹری اسپنر ابرار احمد اور آصف آفریدی کی خدمات بھی حاصل ہوگی، اس کے علاوہ قومی ٹیم کو سلمان علی آغا اور سعود شکیل کی صورت میں پارٹ ٹائم اسپنرز بھی دستیاب ہیں۔
دوسری جانب، جنوبی افریقہ نے بھی اسپن وکٹوں پر پاکستان کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے اسکواڈ میں 3 اسپنرز کو شامل کیا ہے جو قومی بلے بازوں کو چیلنج کریں گے۔