قومی کھلاڑی کی سیلف فنانس پر تیسرے ایشین یوتھ گیمز میں شرکت کرنے پر پابندی عائد
حکومت پاکستان نے تیسرے ایشیائی یوتھ گیمز میں قومی کھلاڑیوں کے سیلف فنانس کی بنیاد پر شرکت پر پابندی لگا دی، جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کوئی بھی فیڈریشن اپنے اخراجات یا سیلف فنانس کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو گیمز میں شرکت کے لیے نہیں بھیج سکتی۔
تیسرے ایشیائی گیمز میں شرکت کے لیے وزارت خارجہ کا نو آبجیکشن سرٹیفیکٹ (این او سی) لازمی قرار دیا گیا ہے۔
صرف وزارت خارجہ سے اجازت حاصل کرنے والے کھلاڑی اور ایتھلیٹس ہی گیمز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔
نوٹیفیکشن کے مطابق بغیر اجازت جانے والے کھلاڑی پاکستان کا نام اور قومی پرچم استعمال نہیں کر سکتے، ساتھ ہی این او سی کے بغیر گیمز میں شرکت کے لیے بحرین جانے والے ایتھلیٹس کو ایف آئی اے کی کارروائی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس حوالے سے وزارت خارجہ نے 53 کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے این او سی جاری کر دیا، واضح رہے کہ تیسرے ایشین یوتھ گیمز 22 سے 31 اکتوبر تک بحرین میں شیڈول ہیں۔