خیبرپختونخوا: بنوں میں 2 اسکول اساتذہ سمیت 4 سرکاری ملازم مبینہ طور پر اغوا
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں مختلف علاقوں سے چار سرکاری ملازموں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا، جن میں دو ہائی اسکول کے اساتذہ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے دو کارکن شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق ہوید پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع گورنمنٹ ہائی اسکول موسیٰ خان سے اساتذہ کو اغوا کیا گیا۔
ضلع پولیس افسر (ڈی پی او) بنوں سلیم عباس کلاچی نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو میں کہا کہ ’پہلا واقعہ ہوید پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا، جہاں دہشتگردی کے خطرات موجود ہیں، گزشتہ چند مہینوں میں ہوید پولیس اسٹیشن پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد اسکول اساتذہ کو نامعلوم مقام پر لے گئے۔
بنوں پولیس کے ترجمان کاشف نواز کے مطابق اغوا ہونے والوں میں اسکول کے ہیڈماسٹراور ایک سینئر اسکول ٹیچر شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’دونوں اساتذہ کو دہشتگردوں نے اس وقت اغوا کیا جب وہ اسکول سے واپس جا رہے تھے، علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ مغویوں کو دہشت گردوں سے بازیاب کرایا جا سکے۔‘
ڈی پی او کلاچی نے دوسرے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’تقریباً 15 سے 20 دہشت گردوں کا ایک گروپ آیا اور بی آئی ایس پی کے ادائیگی مرکز پر حملہ کر دیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ دہشت گردوں نے بی آئی ایس پی کے دو عہدیداروں (اسسٹنٹ ڈائریکٹر صفی اللہ اور سپر وائزر شاہ خالد) کو اغوا کر لیا، تاہم ڈی پی او اس بات کی تصدیق نہیں کر سکے کہ دہشت گرد متاثرین سے کتنی رقم لوٹ کر لے گئے۔