ملکی ترقی کیلئے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہے، سابق ٹیسٹ کرکٹر
کسی بھی کھیل کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اسکول اور کالج کی سطح پر گیمز انتہائی ضروری ہیں، رکن سلیکشن کمیٹی اسد شفیق کا تقریب سے خطاب
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق نے کہا ہے کہ کسی بھی کھیل کی ترقی کے لیے اسکول اور کالج کی سطح پر کھیلوں کا انعقاد انتہائی ضروری ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں انٹر اسکول اور انٹر کالج گیمز کا سلسلہ پھر سے شروع ہو گیا، نجی کالج کے تحت اسپورٹس فیسٹیول میں 17 سے 19 سال کے طلبہ کے درمیان، کرکٹ، تھرو بال، باسکٹ بال، بیڈمنٹن اور فٹ بال کے دلچسپ مقابلے جاری ہیں۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے ممبر اسد شفیق نے مشعل جلاکر مقابلوں کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی بھی کھیل کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے اسکول اور کالج کی سطح پر گیمز انتہائی ضروری ہیں۔
اسپورٹس فیسٹیول میں 85 اسکول اور کالجوں کی 114 ٹیمیں اور 2500 ایتھیلیٹس شرکت کر رہے ہیں، یہ مقابلے 11 اکتوبر تک کراچی کے مختلف گراؤنڈز پر جاری رہیں گے۔