پاکستان

راولپنڈی: پولیس آپریشن میں انتہائی مطلوب افغان ڈکیت سمیت تین ملزمان ہلاک

تھانہ واہ صدر کی حدود میں واقع نجی سوسائٹی میں پولیس مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، تھانہ واہ صدر اور پشاور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا، پولیس ذرائع

راولپنڈی کے تھانہ صدر واہ اور پشاور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں انتہائی مطلوب افغان ڈکیت سمیت تین ملزمان مارے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تھانہ صدر واہ کے علاقے میں واقع نجی سوسائٹی میں تھانہ صدر واہ اور پشاور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں 3 ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ملزمان میں ایک انتہائی مطلوب افغان ڈکیت بھی شامل ہے، ملزمان ڈکیتی ،اغواء برائے تاوان اور قبضہ کرنے کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایک ملزم افغانی باشندہ تھا جس نے پاکستانی شناختی کارڈ بنا رکھا تھا، ملزمان پر دہشتگردی کی دفعات کے تحت بھی مقدمات درج ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے پاس جدید اسلحہ موجود تھا اور ملزمان وارداتوں کے بعد یہاں چھپ جایا کرتے تھے۔

ذرائع پولیس کے مطابق پشاور پولیس نے گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو فائرنگ کی گئی، ہلاک افراد کا تعلق آدم خان افغانی گروہ سے ہے ۔