پاکستان

ڈیرہ اسمٰعیل خان: فورسز کے آپریشن میں بھارتی اسپانسرڈ 7 خوارج ہلاک، میجر سبطین شہید

سیکیورٹی فورسز نے درابن میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن، ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درابن میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر کی گئی ایک کارروائی کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا، فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر سبطین حیدر شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) 8 اکتوبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان کے جنرل ایریا درابن میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن کیا، جہاں اطلاع تھی کہ بھارتی پراکسی گروہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج موجود ہیں۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی موثر کارروائی کے نتیجے میں بھارتی حمایت یافتہ 7 خوارج جہنم واصل کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع کوئٹہ کے رہائشی 30 سالہ میجر سبطین حیدر بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ خوارج سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں دیگر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے صفائی کی کارروائی جاری ہے، کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے مٹانے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے بہادر بیٹوں کی ایسی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

دریں اثنا، میجر سبطین حیدر شہیدکی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کر دی گئی.

جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ، فوجی و سول افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی شہر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

صدر، وزیراعظم کا شہید میجر سبطین حیدر کو خراج عقیدت

صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے درابن میں ’فتنہ الخوارج‘ کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی پر افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا، جس کے نتیجے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

صدر مملکت آصف زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے میجر سبطین حیدر کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جو ملک کے دفاع میں بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔

صدر زرداری نے کہا کہ میجر سبطین نے وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کر کے عظیم مثال قائم کی، انہوں نے شہید افسر کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر افسر اور جوان دن رات وطن کے دفاع کے لیے سرگرم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اور پوری قوم مسلح افواج کے جذبے اور بہادری پر فخر کرتی ہے، وزیرِ اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قوم اپنے وطن کے دفاع کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی خیبرپختونخوا کے ضلع اورکزئی میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل اور میجر سمیت 11 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے، کارروائی کے دوران 19 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھی بنوں کے قریب نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک فوجی شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔

واضح رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کر کے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، تاہم انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی، صوبے میں 45 حملوں میں 54 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوئے۔