پاکستان

مریم نوازکا فصل کی باقیات جلانے، فضائی آلودگی پھیلانے کے واقعات کا سخت نوٹس

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں محکمہ تحفظ ماحولیات، محکمہ زراعت کی پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فصل کی باقیات جلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فصل کی باقیات جلانے اور فضائی آلودگی پھیلانے کے واقعات کا سخت نوٹس لے لیا، دیپالپور میں فصل کی باقیات جلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب بھر میں ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتاریوں اور بھاری جرمانے عائد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فصل کی باقیات جلانے، دھواں پھیلانے والوں کے خلاف سخت آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

پنجاب کے ضلع اوکاڑہ کی تحصیل دیپالپور میں محکمہ تحفظ ماحولیات، محکمہ زراعت کی پولیس کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے فصل کی باقیات جلانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

دھان کی باقیات کو آگ لگانے پر محمد یسین کو گرفتار کرلیا گیا، جس کا مقدمہ تھانہ سٹی دیپالپور میں درج کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اسموگ پھیلانے کی اطلاع پر سرکاری حکام پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے، 5 ایکڑ رقبے پر پھیلی آگ فوری بجھائی گئی۔

دھواں پھیلانے پر پنجاب تحفظ ماحولیات ایکٹ1997، اسموگ کی روک تھام کے لیے پنجاب ماحولیاتی تحفظ قانون2023 اور تعزیرات پاکستان کی دفعات188 اور 278 کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

پنجاب حکومت نے خبردار کر دیا کہ پنجاب بھر میں فصل کی باقیات جلانے یا آلودگی پھیلانے والوں کو فوری گرفتار کیاجائے گا، پنجاب بھر میں شہریوں کو بھی آلودگی پھیلانے والوں سے متعلق ہیلپ لائن 1373 پر فوری اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اسموگ پھیلا کر عوام کی زندگیوں سے کھیلنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتیں گے۔