پاکستان

نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کیلئے کسی کو نامزد کرنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

گورنر خیبرپختونخوا نہ استعفی منظور کر رہے ہیں اور نہ ہی پشاور میں موجود ہیں، سلمان اکرم راجا؛ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو گورنرسیکریٹریٹ سے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کی ہدایت

پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخو ا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کسی کو نامزد کرنے کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے خیبر پختونخو ا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی حلف برداری کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی کسی کو نامزد کرنے کی درخواست پر کہا کہ اس معاملے میں گورنر کا جواب لازمی ہے۔

چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے مزید کہا کہ اگر اس درخواست پر بغیر گورنر کے جواب کے فیصلہ کیا تو ایک اور پٹیشن ہمارے خلاف آجائے گی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا اسپیکر اور وزیر اعلیٰ عدالت میں موجود ہیں، کیا اسپیکر یا وزیر اعلیٰ نے گورنر سے بات کی ہے اس معاملے میں۔

عدالت کے استفسار پر پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے کہا کہ جی بالکل ہم نے گورنر سے بات کی ہے، گورنر خیبرپختونخوا نہ استعفی منظور کر رہے ہیں اور نہ ہی پشاور میں موجود ہیں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا اس وقت تک خیبرپختونخوا بغیر وزیر اعلیٰ کے رہے گا، درخواست ہے عدالت آج یا جب مناسب سمجھے حلف لینے کے لیے کسی کو نامزد کرے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 گھنٹوں سے خیبرپختونخوا میں کوئی حکومت نہیں ہے، جب وزیر اعلیٰ نے استعفی دے دیا تو کابینہ خود بہ خود تحلیل ہوگئی ہے۔

سلمان اکرم راجا نے عدالت سے استدعا کی کہ اس معاملے کی سماعت کل پر رکھ لی جائے۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے کہا کہ گورنر سیکریٹریٹ سے کنفرم کرلیں کہ کیا علی امین گنڈاپور کا استعفی موصول ہوا ہے یا نہیں اور اس بارے میں کل عدالت کو آگاہ کیا جائے۔

بعدازاں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے تھے،

قبل ازیں، 8 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

عمران خان نے سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے کے لیے نام زد کیا تھا۔