سوات میں پولیو ٹیم پر فائرنگ سے لیویز اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈیوٹی پر تعینات لیویز اہلکار عبدالکبیر شہید ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سوات کی تحصیل مٹہ کے دور افتادہ علاقے انظر تنگے، بیاکن میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں پولیو ڈیوٹی پر تعینات لیویز اہلکار عبد الکبیر شہید ہوگئے، لاش کو مٹہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیم میں خواتین بھی شامل تھیں جو فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہیں، جائے وقوع پر بڑی تعداد میں پولیس ٹیم پہنچ چکی ہے جب کہ علاقے میں عسکریت پسندوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم ملک بھر میں دوسرے روز بھی کامیابی سے جاری ہے، مہم کے پہلے روز ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 73 لاکھ 25 ہزار، سندھ میں 25 لاکھ 67 ہزار، خیبرپختونخوا میں 17 لاکھ 68 ہزار، بلوچستان میں 6 لاکھ 67 ہزار، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار، گلگت بلتستان میں 93 ہزار، جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 2 لاکھ 46 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی۔
نیشنل ای او سی کے مطابق رواں ہفتے ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ای او سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے مربوط اور مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
بیان میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی قطرے پلائیں، کیونکہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جو عمر بھر کی معذوری کا سبب بن سکتی ہے۔