اسپنر نعمان علی نے 37 سالہ قومی ریکارڈ توڑ دیا
اسپنر نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف تباہ کن باؤلنگ سے نہ صرف پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا بلکہ 37 سالہ قومی ریکارڈ توڑ کر اپنے نام بھی کر لیا۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاک-جنوبی افریقہ پہلے ٹیسٹ میچ میں نعمان علی نے 10 وکٹیں اپنے نام کیں، جس کے بعد صرف 5 میچز میں اُن کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 46 ہوگئی، جو کہ اب تک کسی بھی پاکستانی باؤلر کا سب سے بہترین فیگر ہے۔
39 سالہ لیفٹ آرم آرتھو ڈوکس اسپنر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کے 16ویں سے 20ویں میچ کے دوران یہ اعزاز اپنے نام کیا، اس سے قبل مرحوم لیجنڈری لیگ اسپنر عبدالقادر نے 88-1987 کے دوران اپنے 48ویں سے 52ویں میچ کے دوران مجموعی طور پر 44 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔
واضح رہے کہ نعمان علی ٹیسٹ کیریئر کے ابتدائی 20 میچز میں 93 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں، جس میں سے انہوں نے 9 مرتبہ 5 وکٹیں اور 3 مرتبہ 10 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 272 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پروٹیز ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
نعمان علی نے مجموعی طور پر میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں، ساجد خان نے 5، شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ سلمان علی آغا کے حصے میں آئی۔