پاکستان

سہیل آفریدی کی عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے پی ٹی آئی کا عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے خصوصی طور پر عدالت میں درخواست دیں گے تاکہ کہ اُن کی سربراہ تحریک انصاف سے ملاقات کروائی جا سکے، سلمان اکرم راجا کی ڈان نیوز سے گفتگو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جنرل سیکریٹری سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ نومنتخب وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا نے پشاور میں ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا حق ہے کہ اُن سے اُن کے رفقا کی ہر جمعرات کو ملاقات ہو، اس حوالے سے عدالتی احکامات بھی موجود ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اکتوبر 2024 سے عمران خان سے ملاقات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، ہم اس حوالے سے دوبارہ عدالت سے رجوع کریں گے تاکہ یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو سکے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے لیے خصوصی طور پر ہم عدالت میں درخواست دیں گے تاکہ کہ اُن کی بطور وزیر اعلیٰ عمران خان سے ملاقات کروائی جا سکے۔

سیکریٹری جنرل تحریک انصاف نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر اسلام آباد ہائیکورٹ میں شنوائی نہ ہوئی تو ہم اس معاملے کو سپریم کورٹ تک لے کر جائیں گے، عمران خان ہمارے پارٹی لیڈر ہیں اور ان سے ملاقات کرنا ہر کسی کا حق ہے،کسی صورت میں بھی ہمیں اُن سے ملنے سے روکا نہیں جاسکتا ہے۔