بھارتی طیاروں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) کے مطابق بھارتی طیاروں کے لیے فضائی حدود کی بندش میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے، جو اب 24 نومبر تک برقرار رہے گی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نوٹم میں کہا گیا کہ ’پاکستانی فضائی حدود بھارت کے رجسٹرڈ طیاروں کے لیے بند رہے گی۔
حکام کے مطابق بھارتی ایئرلائنز کی ملکیت یا لیز پر لیے گئے طیارے، نیز بھارتی فوجی پروازوں کو بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، فضائی پابندی 15 اکتوبر سے 24 نومبر تک نافذ العمل رہے گی۔
یہ پابندی دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عائد کی گئی ہے، پاکستان نے رواں سال اپریل میں بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھی اور تب سے یہ پابندی برقرار ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں، پاکستانی حکام نے ’عملی وجوہات‘ کی بنیاد پر اپنی فضائی حدود کے متعدد راستوں کو محدود کرنے کے لیے ایک نوٹم جاری کیا تھا۔
یہ پابندیاں 15 اور 16 اکتوبر کو روزانہ شام ساڑھے 7 بجے سے رات ساڑھے 9 بجے تک نافذ رہیں، تاہم یہ نوٹس بدھ کی دوپہر تک واپس لے لیا گیا تھا۔