شمالی وزیرستان: مسلح ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ، سی ٹی ڈی اہلکار شہید
شمالی وزیرستان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اہلکار کو گھر میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔
پولیس کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل میرانشاہ میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر سی ڈی اہلکار پر گولیاں برسادیں، جس کے باعث وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے، لاش کو میرانشاہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول میران شاہ میں سی ٹی ڈی کا انٹلیجنس آپریٹر تھا، واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یاد رہے کہ نومبر 2022 میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کر کے سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار کانفلکٹ اینڈ سکیورٹی اسٹڈیز (پی آئی سی ایس ایس) اور سینٹر فار ریسرچ اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز (سی آر ایس ایس) کی رپورٹوں کے مطابق گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ رہا، تاہم انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی نمایاں تیزی دیکھی گئی، صوبے میں 45 حملوں میں 54 افراد جاں بحق اور 49 زخمی ہوئے۔