پاکستان

شمالی وزیرستان: فتنۃ الخوارج کی خود کش حملے کی کوشش ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

حملے کے دوران 3 خواتین اور 2 بچے جل کر جاں بحق ہوگئے، خارجی دہشتگرد گل بہادر گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی، خارجی گل بہادر افغان طالبان کی سرپرستی میں افغانستان میں چھپا ہوا ہے، سیکیورٹی ذرائع

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کی حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، اس دوران 3 خواتین اور 2 بچے بھی جاں بحق ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان میں کھادی پوسٹ پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کی بزدلانہ خود کش حملے کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنادی۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنتۃ الخوارج کا خودکش حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خود کش حملے کے دوران جل کر 3 خواتین اور 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خارجی دہشت گرد گل بہادر گروپ نے اس دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے، خارجی گل بہادر افغان طالبان کی سرپرستی میں افغانستان میں چھپا ہوا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فتنۃ الخوارج کے دہشت گرد بھر پور ناکامی کے بعد خیبر پختونخوا کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔

اس سے قبل، خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر گزشتہ رات فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کی جانب سے حملے کی بزدلانہ کوشش پولیس نے ناکام بنادی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات فتنۃ الخوارج کے 3 دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھرے رکشہ کے ذریعے بنوں میں تھانہ ہوید کی حدود چوکی مزانگہ پر حملے کی بزدلانہ کوشش کی۔

چوکی میں موجود پولیس کے بہادر جوانوں نے مشکوک نقل و حرکت دیکھ کر رکشہ کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر پولیس جوانوں نے فائرنگ کی جس سے رکشہ وہیں زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد موقع پر ہی جہنم واصل ہوگئے اور تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے، تاہم دھماکے کی شدت سے قریب واقع گھروں کو معمولی نقصان پہنچا۔