پاکستان

اسلام آباد: این سی سی آئی اے کا افسر عمارت کی پارکنگ سے اغوا، مقدمہ درج

ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم عثمان کو سفید کرولا میں سوار 4 افراد نے زارا ہائٹس کی پارکنگ بیسمنٹ سے اغوا کیا، واقعہ 14 اکتوبر کو پیش آیا، پولیس نے اہلیہ کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا

اسلام آباد میں اغوا کی بڑی واردات کے دوران نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے افسر محمد عثمان کو اغوا کرلیا گیا۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم کو زارا ہائٹس کی پارکنگ بیسمنٹ سے اغوا کیا گیا، 4 مسلح افراد نے گاڑی روکی، اور افسر کو زبردستی ساتھ لے گئے، سی سی ٹی وی میں سفید کرولا اور اغوا کی مکمل فوٹیج سامنے آ گئی۔

اسلام آباد میں اہم ادارے کے اعلیٰ افسر بھی اب غیر محفوظ ہوگئے ہیں، جب کہ پولیس اغوا کی واردات کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

این سی سی آئی اے افسر کی اہلیہ روزینہ عثمان کی درخواست پر تھانہ شمس کالونی میں اغوا کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، یہ واقعہ 14 اکتوبر کو شام 7 سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا تھا۔

مدعیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ’میرے شوہر حساس نوعیت کے پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے، ان کو نا معلوم ملزمان اغوا کرکے لے گئے ہیں، اور اب تک ان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے، لہٰذا نا معلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے میرے شوہر کو بازیاب کروایا جائے۔