پاکستان کرکٹ بورڈ کا ون ڈے فارمیٹ کیلئے ’نیا کپتان‘ لانے کا فیصلہ
پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے نئے کپتان کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اعلامیے میں بتایا گیا کہ قومی ٹیم کی قیادت کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے باضابطہ طور پر چیئرمین پی سی بی کو آئندہ سیریز کے لیے کپتان کے نام کو حتمی شکل دینے کے لیے تحریری سفارش بھیج کر سلیکشن اور ایڈوائزری کمیٹی کا مشترکہ اجلاس طلب کرنے کا کہا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نئے کپتان کے حوالے سے فیصلہ ممکنہ طور پر 20 اکتوبر تک کر لیا جائے گا۔
یہ پیش رفت بظاہر اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ محمد رضوان کو پاکستان کی ون ڈے ٹیم کی قیادت سے ہٹایا جارہا ہے، حالانکہ وکٹ کیپر بیٹر نے گزشتہ برس آسٹریلیا، زمبابوے اور جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹیم کو فتوحات دلائی ہیں۔
تاہم، محمد رضوان کی رواں برس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، پاکستان گروپ مرحلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہو گیا تھا، جس کے بعد قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں بھی بدترین شکستوں کا سامنا کرنا پڑا۔
محمد رضوان نے آخری مرتبہ اگست 2025 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کی تھی، جہاں کیریبین ٹیم نے 1991 کے بعد پہلی بار پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔
اسی دوران وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو خاموشی سے ٹی 20 ٹیم کی قیادت سے ہٹا کر سلمان علی آغا کو نیا کپتان مقرر کر دیا گیا تھا۔
میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والی اطلاعات اور قیاس آرائیوں کے مطابق، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی ممکنہ طور پر محمد رضوان کی جگہ ون ڈے ٹیم کے نئے کپتان ہو سکتے ہیں، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان بالترتیب 6،4 اور 8 نومبر کو 3 ایک روزہ میچز فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سربراہی میں فروری 2024 سے پی سی بی میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئیں، جس میں سب سے پہلے شاہین شاہ آفریدی کو قیادت سے ہٹا کر بابر اعظم کو دوبارہ وائٹ بال کا کپتان مقرر کیا گیا۔
اس سے قبل بابر اعظم نے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد تمام فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 کپتان بنایا گیا تھا۔
بعد ازاں، ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے باعث بابر اعظم نے دوبارہ قیادت چھوڑ دی اور اس کے بعد محمد رضوان کو وائٹ بال ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی۔