پاکستان

ہری پور: باراتیوں سے بھری کوسٹر پہاڑ سے ٹکرا گئی، کمسن بچی سمیت 5 خواتین جاں بحق، 45 افراد زخمی

حادثے کی اطلاع ملتے ہی 4 ایمبولینسیں اور ایک ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ پر روانہ کر دی، لاشوں اور زیادہ تر زخمیوں کو ٹراما سینٹر ہری پور، 2 شدید زخمیوں کو ایبٹ آبادمنتقل کیا گیا۔ ریسکیو 1122

خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جانے والی باراتیوں سے بھری کوسٹر بریک فیل ہونے کے باعث پہاڑ سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں کمسن بچی سمیت 5 خواتین جاں بحق جبکہ 45 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی 4 ایمبولینسیں اور ایک ریسکیو وہیکل جائے وقوعہ پر روانہ کر دی گئی، لاشوں اور زیادہ تر زخمیوں کو ٹراما سینٹر ہری پور منتقل کیا گیا، جبکہ 2 شدید زخمیوں کی تشویش ناک حالت کے پیش نظر ایبٹ آباد روانہ کر دیا گیا۔

26 ستمبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی خطرناک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس میں 11 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے تھے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ بھی بریک فیل ہو جانے کے باعث پیش آیا۔

9 ستمبر کو مانسہرہ کے مقام پر جیب گہری کھائی میں گرنے سے 2 خواتین جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہو گئےتھے۔

11 ستمبر کو حویلیاں موٹر وے پر شاہ مقصود انٹر چینج کے مقام پر ٹرالر اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔