دہشتگردوں سے مرعوب نہیں ہوں گے، اقدامات جاری رہیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گرد ترقی کے دشمن ہیں اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ پر کھل کربات کریں گے اور ان سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی زیرصدارت بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اسپیکر نے رولنگ دی کہ ایوان میں امن وامان کے حوالے سے ان کیمرہ بریفنگ جلد ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے خلاف کھل کربات کریں گے، جو کچھ ہوا ہے اس پر سب کو آگاہ کریں گے، دہشت گردی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ دہشت گرد سیاست سے روکنا چاہتے ہیں لیکن وہ قتل غارت گری سے خوف زدہ نہیں ہوں گے اور اپناآئینی کردار ادا کرتے رہیں گے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانی دی۔
رکن صوبائی اسمبلی یونس زہری کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے آگے نہیں جھکیں گے نہیں، ہم رہیں نہ رہیں یہ ملک رہے گا، دہشت گردی نہیں ہونے دیں گے۔
صوبائی وزیرظہور بلیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی سے کوئی بھی محفوظ نہیں، دہشت گردی کے خلاف سب کو یکجا ہوناہوگا، جو بلوچستان میں قتل کرتا ہے وہ بلوچ کا نہیں ہم سب کا دشمن ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی سیاست کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف لائحہ عمل بنانا چاہیے، زندگی صرف ایک بار ملتی ہے لیکن دہشت گرد بے دردی سے شہریوں کو قتل کررہے ہیں۔