ٹی20 میں بابراعظم کس نمبر پر بیٹنگ کریں گے؟ ہیڈ کوچ نے بتادیا
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح کردیا کہ سابق کپتان بابراعظم ٹی20 انٹرنیشنل میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے تجربات کرنے کا موقع ملے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نمبر 3 پر کھیلیں گے اور امید ہے وہ کم بیک پر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
فخرزمان، حارث روف اور محمد حارث کو ٹی20 ٹیم سے ڈراپ کرنے پر ہیڈکوچ نے کہا کہ جن کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا انہیں کھیل میں بہتری کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھیجا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد حارث کو حالیہ دنوں میں بہت مواقع دیے گئے جس کا وہ فائدہ نہیں اٹھاسکے، مگر وہ ابھی نوجوان ہیں اس لیے میں یہ نہیں کہوں گا کہ ان کا کیریئر ختم ہوگیا، ان کا ڈومیسٹک میں بھی ایوریج بہت کم ہے اس لیے بہت سی چیزوں پر اسے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
بطور وکٹ کیپر بلے باز عثمان خان کو موقع دینے سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ اسپن باؤلنگ کو بہت اچھا کھیلتے ہیں اور ہمیں ایک ایسے وکٹ کیپر کی تلاش تھی جو ٹاپ آرڈر کے بجائے مڈل میں کھیل سکے، اس لیے عثمان کو موقع دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا20 منگل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹی20 31 اکتوبر اور تیسرا یکم نومبر کو لاہور میں ہوگا، دونوں کپتانوں نے ٹرافی کی رونمائی بھی کردی۔
اس سے قبل، جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں دوسرے دن پریکٹس کی، ٹی20 میں کم بیک کرنیوالے بابر اعظم بھی ان ایکشن دکھائی دئیے۔