کھیل

بھارت میں سیکیورٹی خدشات، پاکستان ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈکپ 2025 سے دستبردار

قومی ٹیم کے انکار کے بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے بہتر پوزیشن کی بنیاد پر عمان کو میگا ایونٹ میں شامل کر لیا، جونیئر ورلڈکپ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارت میں شیڈول ہے۔

بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم جونیئر ورلڈکپ 2025 سے دستبردار ہو گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے پاکستان کی دستبردار ہونے کی تصدیق کر دی، ایف آئی ایچ جونیئر ورلڈکپ میں پاکستان کی جگہ عمان کی ٹیم کو بہتر پوزیشن کی بنیاد پر میگا ایونٹ میں شامل کر لیا گیا۔

جونیئر ہاکی ورلڈکپ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارت میں شیڈول ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے 22 اکتوبر کو اگلے ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد کیا گیا تھا، جہاں سیکیورٹی خدشات اور بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیلوں میں منفی رویے، خصوصا حالیہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کے رویے پر غور کیا گیا تھا۔

ایک پی ایچ ایف عہدیدار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ پی ایچ ایف جلد ہی اپنے فیصلے سے ہاکی انڈیا کو آگاہ کرے گی، پی ایچ ایف اور حکومت کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتی، اس لیے فیصلہ کیا گیا کہ ٹیم بھارت نہیں بھیجی جائے گی۔